یورپی یونین کا برطانیہ کو انتباہ
یورپی یونین پر برطانوی وزیراعظم کے الزام کے بعد یورپی کونسل کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ برگزٹ کے بارے میں مذاکرات کا امکان معدوم ہوسکتاہے۔
پرس ٹی وی نے خبردی ہے کہ یورپی کونسل کے سربراہ ڈونلڈ ٹسک نے بریسلز میں کہاکہ یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی پہلے ہی ایک بہت ہی مشکل مرحلہ تھا اور اگر یورپی یونین اور برطانیہ برگزٹ کے بارے میں مذاکرات سے پہلے ہی تنازعے میں الجھ گئے تو مذاکرات نا ممکن ہوجائیں گے۔
ڈونلڈ ٹسک نے کہا کہ مشکلات بہت ہی سنگین ہیں اور ان کے بارے میں جذبات سے کام نہیں لیا جاسکتا کیونکہ دونوں جانب دسیوں لاکھ شہریوں کی روز مرہ کی زندگی ان معاملات سے وابستہ ہے۔
واضح رہے کہ برطانوی وزیراعظم تھریسا مئے نے بدھ کو یورپی یونین پر الزام عائد کیا تھا وہ برطانیہ کے عام انتخابات پر برگزٹ کے ذریعے اثرانداز ہونا چاہتی ہے۔
برگزٹ کے بارے میں یورپی یونین اور برطانیہ کے مابین مذاکرات برطانیہ میں عام انتخابات کے بعد انجام پائیں گے۔
یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان برگزٹ کے بارے میں مذاکرات کی دوسال کی مہلت مارچ دوہزارانیس میں ختم ہوجائے گی اور برطانیہ اس کے بعد یورپی یونین سے الگ ہوجائے گا۔