May ۱۷, ۲۰۱۷ ۲۰:۱۵ Asia/Tehran
  •  برطانیہ اور یورپی یونین کے تعلقات کا مستقبل

یورپی کونسل کے چیئرمین ڈونلڈ ٹسک نے کہا ہے کہ برگزٹ لندن اور یورپی یونین کے آئندہ کے تعلقات کا فیصلہ کرے گا۔

یورپی یونین کے چیئرمین ڈونلڈ ٹسک نے فرانس کے شہر اسٹراسبرگ میں یورپی پارلیمان کے اجلاس میں فوری طور پر کسی واضح موقف کا اعلان نہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ برگزٹ کے بارے میں مذاکرات سے ہی برطانیہ اور یورپی یونین کے تعلقات کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔
انہوں نے برگزٹ سے متاثر برطانیہ اور یورپی یونین میں چالیس لاکھ شہریوں کی مشکلات، شمالی و جنوبی آئرلینڈ کے درمیان سرحدی مسائل اور مالیاتی عہد پیمان سے متعلق مسائل کا جائزہ لئے جانے کو ترجیحات میں قراردیا اور کہا کہ ان معاملات پر پیشرفت ہونے کے بعد ہی برطانیہ اور یورپی یونین کے تعلقات کے مستقبل کے بارے میں بات چیت کی جاسکے گی۔
یورپی یونین کے چیئرمین نے گذشتہ انتیس اپریل کو برطانیہ کی غیر حاضری میں یورپی پارلیمان کے پہلے اجلاس کے نتائج کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس کا اہم ترین مقصد برگزٹ پر عمل درآمد کے لئے سیاسی ایجنڈے کا تعین کرنا تھا۔
انہوں نے صاف لفظوں میں کہا کہ اب جبکہ برطانیہ یورپی یونین کا حصہ نہیں ہے تو اس کو وہ رعایتیں بھی نہیں مل سکیں گی جو یورپی یونین کے رکن ملکوں کو حاصل ہوں گی۔