امریکہ: سفری پابندیوں سے متعلق اپیل کورٹ کا ٹرمپ کے خلاف فیصلہ
امریکہ کی وفاقی اپیل کورٹ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے چھے اسلامی ممالک ایران، لیبیا، سومالیہ، سوڈان، شام اور یمن کے شہریوں پر سفری پابندیوں کی اپیل خارج کر دی۔
امریکی میڈیا کے مطابق عدالتی فیصلہ ٹرمپ انتظامیہ کے لئے ایک اور قانونی جھٹکا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ چھے اسلامی ممالک پر نئی سفری پابندیاں عائد نہیں کر سکتی، عدالت نے نئی امریکی پابندیوں کو غیر موثر کرنے کے حق میں فیصلہ سنایا ہے۔
اس فیصلے کے بعد امریکی اٹارنی جنرل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزارت انصاف اس سلسلے میں سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرے گی۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ستّائیس جنوری کو ایک آرڈینینس جاری کرتے ہوئے سات اسلامی ملکوں منجملہ ایران، عراق، لیبیا، سوڈان، صومالیہ، شام اور یمن کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی عائد کر دی تھی جبکہ اس فیصلے پر عمل درآمد کو امریکی عدالتوں نے روک دیا تھا۔ جس کے بعد ٹرمپ نے اپنے اس آرڈینینس میں اصلاح کرتے ہوئے اس فہرست سے عراق کا نام نکال دیا تھا تاہم امریکی عدالت نے اس آرڈینینس کو بھی ناقابل عمل قرار دے دیا تھا اور اب اپیل کورٹ کا بھی فیصلہ ٹرمپ کے حکم نامے کے خلاف آیا ہے۔