شمالی کوریا کے خلاف ممکنہ جنگ کے تباہ کن نتائج برآمد ہوسکتے ہیں، امریکا
امریکی وزیر جنگ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے خلاف ممکنہ جنگ، علاقے کے عوام کے لئے المناک نتائج کی حامل ہو گی۔
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر جنگ جیمز مٹیس نے امریکی کانگریس میں ایک بیان میں کہا ہے کہ شمالی کوریا کے خلاف ممکنہ جنگ کے، علاقے کے عوام کے لئے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ امریکہ، جنگ سے بچنے کی پوری کوشش کر رہا ہے اور وہ مسئلے کو سفارتی طریقے سے حل کرنا چاہتا ہے۔امریکی وزیر جنگ نے کہا کہ شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کی سرحد پر توپ، ٹینک اور میزائل تعینات کر دیئے ہیں جن سے سیؤل کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے اور ان کو تباہ کئے جانے سے قبل بھی جنوبی کوریا کے دارالحکومت کو تباہ کن نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔شمالی کوریا نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ اور علاقے کے بعض ملکوں کی جانب سے جاری مخاصمانہ پالیسیوں کی بنا پر وہ اپنے میزائل اور جوہری پروگراموں کو جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ امریکہ نے شمالی کوریا کے ان پروگراموں کو عالمی امن و سلامتی کے لئے بہت زیادہ خطرناک قرار دیا ہے۔شمالی کوریا کے سلسلے میں مغرب اور اس کے اتحادیوں کی بیشتر تشویش اس بنا پر ہے کہ شمالی کوریا کے میزائل، ایٹمی وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ شمالی کوریا کے خلاف امریکہ کی یکطرفہ اشتعال انگیز اور مخاصمانہ پالیسیوں کی بنا پر جزیرہ نمائے کوریا کی صورت حال سخت کشیدہ بنی ہوئی ہے۔