امریکہ کا پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ
امریکا نے کہا ہے کہ طالبان اور حقانی نیٹ ورک سمیت افغان دہشت گرد گروہوں کو پاکستان کی معاونت حاصل ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کے تحت امریکی وزارت جنگ پینٹاگون نے افغانستان کے حوالے سے جاری تقریبا 100صفحات پرمشتمل اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ طالبان، حقانی نیٹ ورک اور دیگر افغان دہشت گرد گروپ پاکستانی حکومت کے عناصر کی معاونت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاک افغان سرحدی علاقہ القاعدہ، حقانی نیٹ ورک، لشکرطیبہ، تحریک طالبان پاکستان، داعش اور اسلامک موومنٹ آف ازبکستان جیسے مختلف دہشت گرد گروہوں کی پناہ گاہ رہا ہے۔ پاکستان اور افغانستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے دونوں ممالک کے لئے سکیورٹی چیلنج، علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ پیدا کرتے ہیں۔
طالبان اور حقانی نیٹ ورک سمیت افغانستان کے عسکریت پسند گروپ پاکستانی علاقے کے اندر آزادی سے کام کر رہے ہیں اورپاکستانی حکومت کے عناصر کی حمایت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ پاکستانی فوج نے آپریشز کے دوران دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو تباہ کر دیا ہے تاہم بعض انتہا پسند دہشت گرد گروہ جیسے طالبان اور حقانی نیٹ ورک دوبارہ مستحکم ہوگئے ہیں ۔