شمالی کوریا کی امریکہ کو میزائلی حملے کی دھمکی
شمالی کوریا نے امریکہ کو میزائلی حملوں کی دھمکی دے دی۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہیمبرگ میں گروپ بیس کے سربراہی اجلاس کے موقع پر کہا ہے کہ شمالی کوریا پر اقتصادی اور فوجی دباؤ بڑھایا جائے گا-
شمالی کوریا نے کہا ہے کہ اگر امریکہ نے اس پر پھر دباؤ ڈالا تو اس کا جواب وہ میزائل سے دے گا۔
شمالی کوریا کے وزیرخارجہ نے سنیچر کو ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ جب تک جزیرہ نمائے کوریا میں امریکہ کی فوجی اور دشمنانہ پالیسیاں جاری رہیں گی اس وقت تک وہ اپنی ایٹمی صلاحیتوں کو بڑھاتا رہے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا پر امریکی دباؤ کا جواب وہ واشنگٹن کو مختلف قسم کے میزائلی پیکیج کی شکل میں دیتا رہے گا۔
یونھاپ نیوز ایجنسی نے ایک رپورٹ میں عنقریب ہی شمالی کوریا کے چھٹے ایٹمی تجربے کی خبر دی ہے۔
شمالی کوریا کی وزارت خارجہ نے با رہا اعلان کیا ہے کہ جب تک امریکہ اور جنوبی کوریا اپنا دشمنانہ رویہ ترک نہیں کر دیتے اس وقت تک وہ ان کے ساتھ اپنے ایٹمی اور میزائل پروگرام کے بارے میں کوئی گفتگو نہیں کرے گا۔