Aug ۰۹, ۲۰۱۷ ۱۵:۴۹ Asia/Tehran
  • ایٹم بم کا خطرہ ختم ہونا چاہئے : ناکاساکی کے میئر کا مطالبہ

جاپانی شہر ناکاساکی کے میئر نے اس شہر پر امریکا کی ایٹمی بمباری کی برسی کے موقع پر دنیا سے ایٹمی ہتھیاروں کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے

فرانس نیوز ایجنسی کے مطابق ناکاساکی کے میئر نے امریکہ کی ایٹمی بمباری کی بہترویں برسی کے موقع پرکہا کہ ناکاساکی پر جو ایٹمی بمباری ہوئی ہے وہ آخری ہو اور اس کے بعد اب کہیں اور ایٹمی بمباری نہیں ہونی چاہئے  - ناکاساکی کے میئر تومی ہیسا تاؤ نے کہا کہ یہ تشویش عالمی سطح پر موجود ہے کہ شاید پھر ایٹم بم استعمال کیا جائے - جاپان کے شہر ناکاساکی پر امریکہ کی جانب سے ایٹمی بمباری کی برسی ایسے عالم میں منائی گئی کہ جزیرہ نمائے کوریا میں شمالی کوریا کے ایٹمی اور میزائلی مسئلے پر کشیدگی بڑھ گئی ہے- ناکاساکی پر ایٹمی بمباری کا شکار ہونے والوں کی یاد میں ہزاروں لوگ ایک منٹ خاموش رہے- اس شہر پر امریکہ کا ایٹمی حملہ نواگست انیس سو پینتالیس میں انجام پایا - جاپان وہ پہلا ملک ہے جس پر ایٹم بم گرایا گیا- جاپان کے شہر ہیروشیما اور ناکاساکی پر امریکہ کے ایٹمی حملے میں تقریبا دولاکھ افراد کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا-