روسی شہریوں کے لئے ویزا جاری نہ کرنے کا واشنگٹن کا فیصلہ
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i295062-روسی_شہریوں_کے_لئے_ویزا_جاری_نہ_کرنے_کا_واشنگٹن_کا_فیصلہ
امریکی حکومت کے ذریعے روسی شہریوں کو ویزا روک دئے جانے کے فیصلے کے بعد روس اور امریکا کے سفارتی تعلقات ایک بار پھر کشیدہ ہوگئے ہیں
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۲۲, ۲۰۱۷ ۱۱:۲۲ Asia/Tehran
  • روسی شہریوں کے لئے ویزا جاری نہ کرنے کا واشنگٹن کا فیصلہ

امریکی حکومت کے ذریعے روسی شہریوں کو ویزا روک دئے جانے کے فیصلے کے بعد روس اور امریکا کے سفارتی تعلقات ایک بار پھر کشیدہ ہوگئے ہیں

ماسکو میں امریکا کے سفارتخانے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ روسی شہریوں کے لئے امریکا کے ویزے کا اجرا تیئیس اگست سے روک دیا جائے گا - اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ویزا جاری کرنے کے سلسلے میں ماضی کے سبھی سمجھوتے فی الحال منسوخ ہوگئے ہیں اور ویزے کی درخواست دینے والوں کوامریکی ویزا دئے جانے کے بارے میں نیا دستورالعمل متعارف کرایا جائے گا - روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے روسی شہریوں کے لئے امریکا کا ویزا روک دینے کے واشنگٹن کے فیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روسی شہریوں کے لئے ویزا جاری کرنے کے عمل کو محدود کرنے کا امریکی حکومت کا فیصلہ ماسکو کے ساتھ کشیدگی بڑھانے کی واشنگٹن کی کوششوں کے دائرے میں انجام پایا ہے - روسی وزیرخارجہ نے کہا کہ لیکن روسی حکومت امریکی شہریوں کو روس کا ویزا دینے کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی - تاہم روسی پارلیمنٹ کے سینیئر رکن آندرہ کلیم اف نے خبردار کیا ہے کہ ماسکو واشنگٹن کے اس اقدام کا جواب دے گا- امریکا نے پچھلے دنوں روس کے خلاف مزید پابندیاں عائد کی ہیں اور ماسکو نے بھی اس کے جواب میں گذشتہ اٹھائیس جولائی کو روس میں امریکی سفارتکاروں کی تعداد کم کردی - روسی فیصلے کے بعد ماسکو اور روس کے دیگر شہروں میں امریکی سفارتخانے اور قونصل خانوں میں امریکی سفارتکاروں کی تعداد کم کرکے چارسو پچپن کردی گئی  ہے اور سات سو پچپن امریکی سفارتکاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ یکم ستمبر تک روس سے نکل جائیں- کرملین کے حکام کے نقطہ نگاہ سے امریکی کانگریس میں روس کے خلاف نئی پابندیوں کے بل کی منظوری اور اس پر ٹرمپ کے دستخط ہوجانے کا مطلب روس کے سلسلے میں امریکا کے مخاصمانہ رویّوں میں شدت پیدا کرنا ہے - اسی حقیقت کے پیش نظر روس کے ممتاز نظریہ پرداز سرگئی روگوف کا کہنا ہے کہ آج روس اور امریکا کے درمیان ایک نئی سرد جنگ شروع ہوچکی ہے -