ایران اور ترکی کے ساتھ تعاون خاص اہمیت کا حامل، روس
روس نے کہا ہے کہ ماسکو، شام کے بحران کے حل کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران اور ترکی کے ساتھ تعاون کو خاص اہمیت دیتا ہے۔
روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ پچھلے مہینوں کے دوران روس، ایران اور ترکی کے مابین تعاون اس بات کا باعث بنا ہے کہ شام میں دہشت گردوں پر کاری ضرب لگے، کہا کہ شام میں دہشت گردوں کی مکمل نابودی اور اس ملک میں امن و امان کی بحالی کے لئے ضروری حالات فراہم ہو گئے ہیں-
روسی وزیرخارجہ نے کہا کہ پچھلے مہینوں کے دوران ایران، روس اور ترکی کے درمیان تعاون کی آخری مثال شام میں پیس زون یا محفوظ علاقوں کے قیام سے متعلق سمجھوتے پر عمل درآمد ہے-
روس کے صدر ولادیمیرپوتن نے بھی منگل کو کہا کہ شام میں کشیدگی کم کرنے والے علاقوں یا پیس زون کے قیام کی بہت سے ملکوں نے حمایت کی ہے اور اس سے بہت سے مسائل حل ہوں گے-
شام کے بحران کو سیاسی طریقے سے حل کرنے کے لئے اب تک آستانہ میں چھے دور کے مذاکرات ہو چکے ہیں-
یہ مذاکرات ایران روس اور ترکی کی کوششوں سے ہوئے ہیں جن میں شامی حکومت اور امن معاہدے کو قبول کرنے پر تیار مخالف مسلح گروہوں کے نمائندوں اور ایران روس اور ترکی کے حکام نے شرکت کی تھی-