ایران میں معائنہ کاری میں کوئی رکاوٹ نہیں، یوکیا آمانو
ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے سربراہ یوکیا امانو نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ آئی اے ای اے کے معائنہ کار ایران میں بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے سربراہ یوکیا امانو نے یہ بیان تہران میں اپنے اس بیان کے ایک روز بعد دیا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ایران نے ایٹمی معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل طور پر عمل کیا ہے۔
انھوں نے متحدہ عرب امارات میں اکیسویں صدی میں ایٹمی توانائی کے مسئلے کے زیرعنواں کانفرنس کے پہلے روز نامہ نگاروں سے گفتگو میں اس سوال کے جواب میں کہ ایران میں ایٹمی توانائی کے بین الاقوامی ادارے کے معائنہ کاروں کو اپنے فرائض کی انجام دہی میں کسی مشکل کا سامنا ہے، کہا کہ آئی اے ای اے کے معائنہ کار ایران میں بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اس سے قبل یوکیا امانو نے تہران میں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات کے بعد اتوار کے روز پریس کانفرنس میں تاکید کے ساتھ کہا تھا کہ ایران ایٹمی معاہدے پر مکمل عمل کر رہا ہے۔