Dec ۲۰, ۲۰۱۷ ۱۸:۱۱ Asia/Tehran
  • میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی اجتماعی قبر کا انکشاف

میانمار کے صوبہ راخین میں روہنگیا مسلمانوں کی ایک اجتماعی قبر کا پتہ لگایا گیا ہے-

میانمار سے موصولہ خبروں کے مطابق صوبہ راخین کے ایک گاؤں میں ایک اجتماعی قبر کا پتہ لگایا گیا ہے جس میں دسیوں روہنگیا مسلمانوں کو قتل کر کے دفن کر دیا گیا تھا-

صوبہ راخین میں میانمار کی فوج اور انتہا پسند بدھسٹوں کے ہاتھوں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف ظلم و بربریت کی تازہ لہر کے دوران چھے لاکھ سے زائد روہنگیا مسلمان پڑوسی ملک بنگلہ دیش میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے ہیں-

اقوام متحدہ اور دیگر امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں روہنگیا مسلمانوں کے پناہ گزیں کیمپوں کی حالت بھی بہت ہی افسوسناک ہے-

بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ پچیس اگست سے اب تک راخین میں روہنگیا مسلمانوں کے ساڑھے تین سو قصبوں اور دیہاتوں کو یا تو مکمل طور پر یا کافی حد تک جلا کر راکھ کر دیا گیا ہے-

اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں نے روہنگیا مسلمانوں کو زبردستی ملک سے باہر نکالے جانے کو قومی اور نسلی صفائی سے تعبیر کرتے ہوئے اسے انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا ہے-

اقوام متحدہ پہلے بھی روہنگیا مسلمانوں کو دنیا کی سب سے مظلوم اقلیت قرار دے چکی ہے تاہم کسی بھی عالمی ادارے نے روہنگیا مسلمانوں کی حمایت میں اور میانمار کی فوج اور حکومت کے خلاف کوئی عملی اقدام نہیں کیا ہے-