Dec ۲۴, ۲۰۱۷ ۱۸:۱۳ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف برلن میں مظاہرہ

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں لوگوں نے ایک بار پھر مظاہرہ کرکے بیت المقدس کے بارے میں امریکی صدر ٹرمپ کے فیصلے کی مذمت کی اور اس پر شدید احتجاج کیا۔

پرس ٹی وی نے خبردی ہے کہ برلن میں بیت المقدس کی حمایت میں نکالی گئی ریلی اور مظاہرے کے شرکا نے فلسطین کی آزادی کی حمایت میں نعرے لگائے اور بیت المقدس کے بارے میں ٹرمپ کے فیصلے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
مظاہرین ایسے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر لکھا تھا کہ بیت المقدس فلسطین کا دارالحکومت ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین کا حل سفارتی طریقے سے نکالا جائے۔
مظاہرے میں شریک ایک شخص نے جس کی گردن میں فلسطینی پرچم کی شکل کی شال پڑی ہوئی تھی کہا کہ بیت المقدس پر اسرائیل نے غاصبانہ طریقے سے قبضہ کررکھا ہے اور یہ شہر فلسطینیوں کا ہے اور اسے ہمیشہ فلسطین کا ہی دارالحکومت رہنا چاہئے کیونکہ اسرائیلیوں نے تو اس زبردستی قبضہ کررکھا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے گذشتہ چھے دسمبر کو بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ امریکی سفارتخانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کریں گے۔
ان کے اس اعلان پر پوری دنیا نے شدید احتجاج کیا اور جنرل اسمبلی میں واضح اکثریت کےساتھ پاس کی گئی قرارداد میں بھی ٹرمپ کے اس فیصلے کی کھل کر مخالفت کی گئی۔

ٹیگس