یورپی یونین کی جانب سے ایران جوہری معاہدے کی حمایت
کیتھرین رے کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کا ایران جوہری معاہدے پر موقف واضح ہے اور ہمارا مقصد اس معاہدے کو برقرار رکھنا ہے.
یورپی یونین کی ترجمان' کیتھرین رے' نے بریسلز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جوہری معاہدے سے امریکہ کی ممکنہ علیحدگی پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ اس حوالے سے یورپ کا موقف واضح ہے اور ہم اس معاہدے کے مکمل نفاذ کی بدستور حمایت جاری رکھیں گے.
انہوں نے مزید کہا کہ ایران جوہری معاہدے کے ثمرات سامنے آرہے ہیں لہذا ہم اس کے مکمل نفاذ کی بدستور حمایت کرتے رہیں گے.
یہ بات قابل ذکر ہے کہ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ 11 جنوری کو بریسلز میں ایران کے وزیر خارجہ سمیت برطانوی، فرانسیسی اور جرمن وزرائے خارجہ کی مشترکہ نشست کی میزبانی کریں گی جس کا مقصد جوہری معاہدے پر تبادلہ خیال کرنا ہے.
گزشتہ دنوں ایران کے قومی جوہری ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو کے ساتھ ایک ٹیلی فونک رابطے میں امریکی حکومت کی جانب سے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی اور ممکنہ علیحدگی کے خطرات پر انتباہ کیا تھا.