میکسیکو میں زلزلہ لیکن تباہی ہیلی کاپٹر سے
میکسیکو میں فوجی ہیلی کاپٹر امدادی گاڑیوں پر گرگیا جس کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 13 افراد ہلاک ہوگئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق میکسیکو کی ریاست اوہاکا میں زلزلہ آنے کے بعد امداد کی غرض سے جائزہ لینے کے لیے ہیلی کاپٹر ایک گاؤں میں اتر رہا تھا کہ پائلٹ کے کنٹرول سے باہر ہوگیا اور قریب موجود امدادی گاڑیوں پر گرگیا جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے جس میں پانچ خواتین اور تین بچے بھی شامل ہیں۔ ہیلی کاپٹر میں موجود میکسکیو کے وزیر داخلہ اور ریاست اوہاکا کے گورنر سمیت دیگر حکام محفوظ رہے۔
ریاست اوہاکا کے پراسیکیوٹر نے بتایا کہ کچھ افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ کچھ لوگ اسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جس گاؤں میں حادثہ رونما ہوا وہاں کی بجلی منقطع تھی اور ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کے وقت اندھیرا تھا۔
واضح رہے کہ کل میکسیکو سٹی میں 7 اعشاریہ 5شدت کے شدید زلزلے کے باعث 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ 50 مکانات کو نقصان پہنچا ۔ امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ 43 کلومیٹر گہرائی میں میکسیکو کے جنوب مشرقی علاقے میں آیا۔