میانمار کی فوج روہنگیا مسلمانوں کی بستیوں کو مسمار کررہی ہے
میانمار میں مسلمانوں کے خلاف حکومت کے انسانیت سوز اقدامات کا سلسلہ جاری ہے
ایران کی فارس نیوز ایجنسی نے مغربی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ میانمار کی حکومت نے بین الاقوامی انتباہات کو نظرانداز کرتے ہوئے،مسلم آبادی کی دیہی بستیوں اور روہنگیا مسلمانوں کے رہائشی مکانات کو منہدم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔اس رپورٹ کے مطابق میانمار کی فوج نے صوبہ راخین میں اپنی تازہ وحشیانہ کاروائی میں مسلم آبادی کے دیہاتوں اور علاقوں کو بلڈوزروں کے ذریعے مسمار کرکے صفحہ ہستی سے مٹادیاہے ۔رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کی ایک تنظیم نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ حکومت میانمار اس طرح روہنگیا مسلمانوں کے خلاف اپنے وسیع جرائم کی پردہ پوشی کرنا چاہتی ہے۔ڈیجیٹل گلوب کمپنی نے حال ہی میں ایسی سیٹ لائٹ تصاویر جاری کی ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ گزشتہ دسمبر سے رواں سال کی فروری تک مسلم آبادی کے کم سے کم اٹھارہ دیہات صفحہ ہستی سے مٹائے جاچکے ہیں ۔