میانمار میں مسلمانوں کی نسل کشی کی تصدیق
اقوام متحدہ کے ایک اعلی عہدیدار نے میانمار میں مسلمانوں کی نسل کشی کی تصدیق کی ہے۔
انسانی حقوق کے شعبے میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے معاون خصوصی اینڈریو گلیمر نے یہ بیان بنگلہ دیش میں روہنگیا پناہ گزینوں کے کیمپوں کا دورہ کرنے کے بعد دیا۔ انہوں نے کہا کہ کوکس بازار کیمپ کے معائنے کے دوران ایسے شواہد نظر آئے ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کو بڑے وسیع اور منصوبہ بند تشدد کا سامنا ہے۔
اینڈریو گلیمر کا کہنا تھا کہ وہ سمجھے ہیں کہ یہ تمام اقدامات روہنگیا مسلمانوں کو میانمار سے بے دخل کرنے کی غرض سے انجام پا رہے ہیں۔
اس سے پہلے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزیناں فلپو گرینڈی نے بھی کہا کہ قرائن و شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ میانمار کے صوبے راخین کی صورت حال روہنگیا مسلمانوں کے لیے بدستور خراب ہے اور روزانہ سیکڑوں کی تعداد میں روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش کی سرحدوں کا رخ کر رہے ہیں۔
میانمار میں انتہا پسند بدھسٹوں اور سیکورٹی فورس کے منظم جرائم کے نتیجے میں ہزاروں روہنگیا مسلمان مارے جا چکے ہیں جبکہ کئی لاکھ لوگ اپنا گھر بار چھوڑ کر ہمسایہ ملکوں میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔