Mar ۰۶, ۲۰۱۸ ۲۰:۰۰ Asia/Tehran
  • ہنگاموں کے بعد سری لنکا میں ایمرجنسی کا اعلان

سری لنکا کے شہر کینڈی میں مسلمانوں کے مراکز اور گھروں پر بدھسٹوں کے حملوں کے بعد پورے ملک میں کشیدگی پھیل گئی ہے جس کے بعد حکومت نے دس روز تک ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

سری لنکا سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ کینڈی شہر میں مسلمانوں کے خلاف بدھسٹوں کے حملے جاری ہیں اور اطلاعات ہیں کہ مسلمانوں کی بہت سی دوکانوں اور گھروں کو آگ لگا دی گئی ہے - یہ بھی خبر ہے کہ بدھسٹوں نے مسلمانوں کی ایک مسجد کو بھی آگ لگا دی ہے-

سری لنکا سے آمدہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ فسادات میں مسلمانوں کا جانی اور بڑے پیمانے مالی نقصان ہوا ہے جس کے بعد حکومت نے دس روز تک ایمرجنسی نافذ کر دی ہے - سری لنکا کی حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ کینڈی میں بھڑک اٹھنے والے فسادات نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے - مسلمانوں اور بدھسٹوں کے درمیان کشیدگی گذشتہ سال شروع ہوئی تھی-

سری لنکا کے بدھسٹ روہنگیا مسلمانوں کے سری لنکا میں پناہ لینے کے مخالف ہیں- کینڈی شہر میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے اور ساتھ ہی پورے ملک میں سیکورٹی فورسز کو جگہ جگہ تعینات کر دیا گیا ہے۔