اب گنجے پن کا علاج ممکن، سائنسی تحقیق کے حیرت انگیز نتائج
تائیوان کے سائنس دانوں نے ایسا سیرم بنانے کا دعویٰ کیا ہے جس سے گنجے پن کا علاج ممکن ہوسکے گا اور اس سیرم کے استعمال سے محض 20 دن میں بال اُگنے شروع ہوجائیں گے۔
سحرنیوز/سائنس/ٹیکنالوجی: گجنے پن کا علاج لمبے عرصے سے ایک ایسا خواب بنا ہوا ہے جو شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکا ہے، اگرچہ علاج کے لئے مختلف تحقیقات کا سلسلہ بھی جاری رہا ہے۔ بازار میں بھی انواع و اقسام کے تیل، شیمپو اور ٹانِک وغیرہ ملتے ہیں جو گنجے پن یا بال جھڑنے کو روکنے کے لئے کارگر بتائے جاتے ہیں تاہم عام طور سے ان کا نتیجہ خاطر خواہ برآمد نہیں ہوتا لیکن اب نئی سائنسی تحقیق سے ان لوگوں کے دلوں میں امید کی کرن پیدا ہوسکتی ہے جو بال جھڑنے یا گنجے پن سے چُھٹکارا حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق نیشنل تائیوان یونیورسٹی کے سائنس دانوں کے مطابق گنجے پن کا علاج اب ممکن ہوجائے گا کیونکہ انہوں نے ایسا سیرم بنا لیا ہے جو 20 دن کے اندر بالوں کی غیرفعال جڑوں کو فعال کرکے نئے بال اگانے میں مدد کرے گا۔ اس سیرم کے نتائج حیرت انگیز ہیں اور اس کے استعمال سے محض 20 دن میں بالوں کی نشو و نما شروع ہوجائے گی۔
سائنس دانوں نے بتایا کہ اس سیرم میں دو اہم اجزا شامل ہیں، آلیئک(Oleic)ایسڈ اور پامیٹولیئک (Palmitoleic)ایسڈ۔ یہ جسم میں پائے جانے والے قدرتی فیٹی ایسڈ ہیں جو سر کی جِلد میں خون کی گردش اور پرورش کو فروغ دیتے ہیں۔ محققین نے اِس سیرم کو الکحل کے ساتھ تیار کیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ جِلد میں آسانی سے جذب ہو جائیں۔
سیرم کے ابتدائی تجربات چُوہوں پر کیے گئے اور نتائج مُثبت تھے۔ اس کے بعد تحقیقی ٹیم کے سربراہ پروفیسر سنگ جان لن نے سیرم کو اپنی ٹانگوں پر آزمایا اور انہوں نے تین ہفتوں کے اندر نئے بالوں کی نشوونما کا مشاہدہ کیا۔
ابھی اس سیرم کا بڑے پیمانے پر انسانی تجربہ نہیں ہوا ہے لیکن ابتدائی نتائج مثبت ہونے کی وجہ سے سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اگر اس سیرم کا تجربہ انسانوں پر بھی کامیاب رہا تو یہ گنجے پن کے علاج میں سب سے بڑی سائنسی پیش رفت ہوسکتی ہے۔
امید کی جاتی ہے کہ جلد ہی کلینکل ٹرائل (طبی آزمائش) کے بعد یہ سیرم عام لوگوں کے لئے بھی دستیاب ہوگا اور گنجے پن اور بال جھڑنے کے مسئلے کے سدباب کا اُن خواب شرمندۂ تعبیر ہو سکے گا۔