Oct ۳۰, ۲۰۲۵ ۲۳:۲۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان: ممبئی میں بچوں کو یرغمال بنائے جانے کا ہائی وولٹیج ڈرامہ، کمانڈو فورس کی کامیاب کارروائی

ہندوستان کے اقتصادی دارالحکومت ممبئی میں آج بچوں کو یرغمال بنائے جانے کا ایک ہائی وولٹیج ڈرامہ دیکھنے میں آیا جس نے علاقے میں سنسنی پھیلا دی اور بچوں کے والدین کو ہلا کر رکھ دیا۔

سحرنیوز/ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ممبئی کے پَوَئی علاقے میں جمعرات کو دوپہر کے وقت اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک شخص نے 17 بچوں کو فلم آڈیشن کے بہانے ایک اسٹوڈیو میں بلا کر یرغمال بنا لیا۔

اطلاعات کے مطابق ممبئی کے پوَئی علاقے میں واقع آر اے اسٹوڈیو میں 38 سالہ روہت آریہ نامی شخص نے 17 بچوں، ایک معمر شخص اور ایک عورت کو یرغمال بنالیا۔ پولیس کمانڈو فورس نے برق رفتار کارروائی کی اور تمام افراد کو آزاد کرالیا۔ کمانڈو کارروائی میں یرغمال بنانے والا شخص روہت آریہ ہلاک ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق روہت آریہ نے بچوں کو اسٹوڈیو میں بُلانے کے بعد اسٹوڈیو کے دروازے بند کر لئے اور بچوں کو باہر جانے سے روک دیا۔ خبر پھیلتے ہی علاقے میں ہلچل مچ گئی اور اسٹوڈیو کے باہر حیران و پریشان بچوں کے والدین جمع ہو گئے۔ 

پولیس کمانڈو فورس تقریباً دو بجے اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پہنچی اور علاقے کا محاصرہ کرلیا۔ کمانڈو ٹیم آہستہ آہستہ آگے بڑھی اور باتھ روم کے راستے اندر داخل ہو کر حملہ کیا۔ اس طرح پولیس نے 17 بچوں سمیت 19 افراد کو بحفاظت آزاد کرالیا۔ کمانڈو ٹیم کو اس کامیاب کارروائی میں صرف 35 منٹ کا وقت لگا۔

پولیس نے بتایا کہ پہلے روہت آریہ سے بات چیت کے ذریعہ پُرامن طریقے سے مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن روہت نے دھمکی دی کہ اگر کوئی پاس آیا تو وہ گولی چلا دے گا اور آگ لگا دے گا اور یہ کہ وہ اکیلا نہیں ہے۔ پھر اس نے گولی چلائی تو پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کرکے روہت کو زخمی کردیا اور تمام افراد کو آزاد کرالیا۔ زخمی روہت کو اسپتال داخل کرایا گیا جہاں اس کی موت واقع ہوگئی۔ بعد میں پتہ چلا کہ روہت کی بندوق ایئر گن تھی۔

پولیس نے بعد میں تصدیق کی کہ واقعے میں وہ اکیلا ہی تھا اور اس کے کسی ساتھی کے شامل ہونے کے ثبوت نہیں ملے۔

واقعے کے بعد علاقے میں لوگوں نے اطمینان کا سانس لیا اور بچوں کے والدین نے کمانڈو ٹیم کا شکریہ ادا کیا جس نے تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے بڑا المیہ ہونے سے بچا لیا۔

 

ٹیگس