Mar ۰۸, ۲۰۱۸ ۱۹:۴۲ Asia/Tehran
  • شام میں فائربندی کے نفاذ پر سلامتی کونسل کی تاکید

اقوام متحدہ کی سلامتی کے ارکان نے شام میں فائربندی پر عمل درآمد کی ضرورت پر زوردیا ہے دوسری جانب غوطہ شرقی کے باشندوں نے شامی فوج کی حمایت میں ریلی نکالی ہے

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنے اجلاس میں جو  بند دروازوں کے پیچھے ہوا شام میں قرارداد چوبیس سو ایک پر عمل درآمد کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے دمشق کے مضافاتی علاقے غوطہ شرقی کی صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے - اس اجلاس میں شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن ڈی میستورا نے غوطہ شرقی کی صورتحال کے بارے میں رپورٹ پیش کرنے پر ہی اکتفا کیا اور صحافیوں کے سوالوں کا جواب نہیں دیا - سلامتی کونسل کا یہ اجلاس برطانیہ اور فرانس کی درخواست پر منعقد ہوا تھا - دوسری جانب دمشق کے مضافاتی علاقے غوطہ شرقی کے باشندوں نے سڑکوں پر نکل کر شامی فوج کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کے حق میں نعرے لگائے اور ریلی نکالی - غوطہ شرقی کے باشندوں نے اس علاقے سے دہشت گردوں کے نکل جانے کا مطالبہ کیا - رشا ٹوڈے نے خبردی ہے کہ غوطہ شرقی کے باشندوں نے مسرابا، حموریہ اور غوطہ شرقی کے دیگر علاقوں میں سڑکوں پر نکل کر شامی فوج کی حمایت میں ریلی نکالی - اس سلسلے میں روسی وزارت دفاع کے شام میں قائم مرکزنے کہا کہ شامی باشندے اپنے ہاتھوں میں شام کا پرچم اٹھائے غوطہ شرقی سے دہشت گردوں کے فوری طور پر نکل جانے کا مطالبہ کررہے تھے - اس علاقے کے باشندے غوطہ شرقی کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کئے جانے پر زور دے رہے تھے - اس درمیان العالم نے بھی خبردی ہے کہ شامی فوج اور اس کے اتحادیوں نے غوطہ شرقی میں اپنی پیشقدمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے متعدد علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے جبکہ شام سے متعلق انسانی حقوق کے مرکز نے بھی جو شامی حکومت کے مخالفین کی زیرنگرانی کام کرتا ہے خبردی ہے کہ ان لڑائیوں میں دو سو بیس سے زائد دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں -

ٹیگس