Jun ۰۴, ۲۰۱۸ ۱۹:۲۹ Asia/Tehran
  • ایران نے ایٹمی معاہدے پر عمل کیا ہے، آئی اے ای اے

ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے کے سربراہ یوکیا آمانو نے ایک بار پھر کہا ہے کہ ایران نے ایٹمی معاہدے پر پوری طرح سے عمل کیا ہے۔

آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا آمانو نے بورڈ آف گورنرز کے نام اپنی رپورٹ میں ایک بار پھر کہا ہے کہ ایران نے ایٹمی معاہدے پر عمل کیا ہے-

انہوں نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایڈیشنل پروٹول کے مطابق آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں نے ایران میں ایٹمی تنصیبات کا معائنہ کرتے وقت جہاں چاہا اور جب چاہا ایٹمی تنصیبات کا معائنہ کیا اور انہیں کسی طرح کی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑا-

ان کا کہنا تھا کہ ان جگہوں اور تنصیبات تک معائنہ کاروں کی رسائی میں ایران کے بروقت تعاون سے الحاقی پروٹوکول کو آسان بنانے اور اعتماد کو بڑھانے میں مدد ملی ہے-

آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ  سلامتی کونسل کی درخواست پر آئی اے ای اے، ایٹمی معاہدے پر ایران کی جانب سے عمل درآمد پر نظر رکھے ہوئے ہے-

ایٹمی معاہدے سے نکلنے کے بعد آئی اے ای اے کا پہلا بورڈ اجلاس پیر کو ویانا میں شروع ہوا- آئی اے ای اے نے اس سے پہلے بھی اپنی گیارہ رپورٹوں میں اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ایران نے ایٹمی معاہدے پر عمل کیا ہے-

 

ٹیگس