امریکہ میں ٹرمپ پالیسیوں کے مخالفین کے جاری مظاہرے
امریکہ میں ٹرمپ پالیسیوں کے مخالفین کے مظاہروں کا سلسلہ آٹھویں روز بھی جاری رہا۔
پیپل ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ پالیسیوں کے مخالفین نے آٹھویں روز بھی وائٹ ہاؤس کے سامنے مظاہرہ کیا اور نعرے لگائے نیز امریکی صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
مظاہرین نے ٹرمپ کو قید کئے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ سابق امریکی وزیر خارجہ اور صدارتی امیدوار رہیں ہلیری کلنٹن کے ایک سابق مشیر نے جو احتجاجی مظاہرہ کرانے والی منتظم کمیٹی کا بھی حصہ ہیں، اعلان کیا ہے کہ ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز ٹرمپ اور ان کی بیوی ملانیا ٹرمپ کو نیوجرسی میں تعطیلات گزارنے کے بعد واپس لوٹتے ہوئے بھی مظاہرین کے احتجاج کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
دوسری جانب امریکی خواتین نے بھی امریکہ میں خواتین کے سلسلے میں جاری امتیازی سلوک کے خلاف احتجاج کیا۔ ان خواتین نے ریاست فیلادیلفیا میں اس مقام پر احتجاج کیا جہاں امریکہ کے نائب صدر مائیک پینس خطاب کر رہے تھے۔ خواتین مظاہرین کا کہنا تھا کہ انھیں امریکہ میں دوسرے درجے کا شہری سمجھا جاتا ہے۔