ایران کے لئے یورپی یونین کے اقتصادی پیکیج پر ردعمل
ایران کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے یورپی یونین کے ایک کروڑ اسّی لاکھ یورو کے پیکیج پر امریکی اور صیہونی حکام نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ ایران کے ساتھ یورپی یونین کا تعاون جاری رہے گا اور اس پیکیج کا اعلان ایران میں خاص طور سے نجی شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے تمام فریقوں کی شرکت کی ترغیب کے لئے کیا گیا ہے تاکہ ایران کے ساتھ اقتصادی تعلقات میں بہتری آ سکے۔انھوں نے اس پیکیج کو ایرانی عوام اور اس ملک میں پرامن نیز پائدار ترقی کے عمل کے لئے یورپی یونین کی حمایت کی علامت سے تعبیر کیا۔دوسری جانب امریکی وزارت خارجہ میں ایران سے متعلق ایکشن گروپ کے سربراہ نے ایران کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے یورپی یونین کے ایک کروڑ اسّی لاکھ یورو کے پیکیج کے اعلان پر کڑی تنقید کی ہے۔برائن ہوک نے ایک بیان میں اسلامی جمہوریہ ایران پر، جو بقول ان کے مشرق وسطی میں دہشت گردی کے خلاف مہم میں بنیادی کردار ادا کر رہا ہے، دہشت گردی کی حمایت اور علاقے میں بدامنی پھیلانے کا الزام عائد کیا ہے۔ انھوں نے یہ دعوی بھی کیا ہے کہ یورپی یونین کی جانب سے ایران کو یورو کی اس رقم کی فراہمی اس بات کا باعث بنے گی کہ ایران کی پالیسیوں میں نمایاں تبدیلیوں کا مشاہدہ نہیں کیا جاسکے گا۔امریکی وزارت خارجہ میں ایران سے متعلق ایکشن گروپ کے سربراہ نے یورپی یونین سے اپیل کی ہے کہ وہ ایران اور ایٹمی معاہدے کی حمایت کرنے کے بجائے ایران کے خلاف دباؤ ڈالے جانے کے عمل میں شریک ہو۔صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو نے بھی ایران کے خلاف اپنے دعوؤں کا اعادہ کرتے ہوئے ایران کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے یورپی یونین کے ایک کروڑ اسّی لاکھ یورو کے پیکیج کے اعلان کو ایک بڑی غلطی قرار دیا ہے اور دعوی کیا ہے کہ ایرانی عوام کے لئے اس بجٹ کی فراہمی زہر کی مانند ہے۔یورپی یونین کے کمیشن نے تیئیس اگست کو اعلان کیا ہے کہ ایران میں سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کے لئے ایک کروڑ اسّی لاکھ یورو کا ایک پیکیج مخصوص کیا گیا ہے۔ ایک کروڑ اسّی لاکھ یورو کا یہ پیکیج ایران میں اقتصادی ترقی کے منصوبوں پرعمل کے لئے یورپی یونین کے پانچ کروڑ یورو کے منصوبے کا حصہ ہے اور اس پہلے پیکیج میں سے اسّی لاکھ یورو نجکاری کے مختلف منصوبوں پر صرف کئے جائیں گے جبکہ اسّی لاکھ دیگر ماحولیات اور بیس لاکھ منشیات کے خلاف مہم پر خرچ کئے جائیں گے۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے بھی کہا ہے کہ ایک کروڑ اسّی لاکھ یورو کا یہ پیکیج ایران میں اقتصادی ترقی کے منصوبوں پر عمل کے لئے یورپی یونین کے پانچ کروڑ یورو کے منصوبے کا حصہ ہے جسے یورپی یونین کے کمیشن نے مخصوص کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے سولہ اپریل دو ہزار اٹھارہ کو تہران میں ایک مشترکہ بیان پر دستخط کئے تھے جو یورپی کمیشن اور ایران کے درمیان تعاون پر نظر بھی رکھے گا