Jan ۰۷, ۲۰۱۹ ۱۹:۲۷ Asia/Tehran
  • مظاہرین کا فرانسیسی صدر سے استعفی کا مطالبہ

فرانسیسی یلو جیکٹ مظاہرین نے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنے ملک کے صدر سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔

فرانس میں آٹھ ہفتوں سے جاری یلو جیکٹ مظاہرین کا احتجاج پُرتشدد شکل اختیار کر گیا ہے۔  رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مظاہرین کار لفٹر کے ذریعہ دیوار توڑ کر منسٹری میں داخل ہو گئے۔

مظاہرین صدر میکرون سے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا ہے اور متعدد مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے۔ دوسری طرف فرانس کے دیگر شہروں میں بھی مظاہرے شروع ہو گئے۔

فرانس کی میکرون حکومت نے مظاہرین کو فسادی قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف سخت قدم اٹھانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد حالات سدھرنے کے بجائے مزید کشیدہ ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ فرانس میں سترہ نومبر سے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے اور پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں اب تک تقریباً دس افراد ہلاک اورسینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔

فرانس میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شروع ہونے والا احتجاج اب سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف احتجاجی تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے جسے روکنے میں حکومت ناکام ہو گئی ہے۔

ٹیگس