چند قطبی نظام کی تقویت اقوام متحدہ کی پہلی ترجیح
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی سربراہ نے کہا ہے کہ چند قطبی نظام کی تقویت دوہزار انیس میں اس عالمی ادارے کی پہلی ترجیح ہوگی۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی سربراہ ماریا فرناندو اسپنوزا نے اقوام متحدہ کے رکن ملکوں کے مندوبین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوہزار انیس میں ادارے کی پہلی ترجیح چند قطبی نظام کی تقویت اور اقوام متحدہ کے اصولوں، منشور اور ضوابط کی پابندی کو یقینی بنانا ہوگی۔
انہوں نے اس سلسلے میں مختلف اجلاس کے انعقاد کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ پناہ گزینوں اور تارکین وطن کے بارے میں نئے عالمی سمجھوتے، مرد و خواتین کے درمیان مساوات اور برابری، خواتین کو مضبوط بنانا، مناسب روزگار کے مواقع کی فراہمی، ماحولیات کا تحفظ اور عالمی سطح پرامن وسلامتی کی برقراری اس عالمی ادارے کی ترجیحات میں شامل ہوں گی۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی سربراہ کی جانب سے چند قطبی نظام کی تقویت پر تاکید ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب امریکا خاص طور پر ٹرمپ کے برسراقتدار آنے کے بعد سے اپنی خودسرانہ پالیسیوں کو جاری رکھے ہوئے اور وہ یکے بعد دیگر عالمی معاہدوں سے نکل رہا ہے۔