بریگزیٹ کے بارے میں برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان ایک نیا سمجھوتہ
برطانیہ اور یورپی یونین نے بریگزیٹ کے بعد شمالی اور جنوبی آئرلینڈ کی سرحدوں کے بارے میں نیا اتفاق کر لیا ہے۔
یورپی یونین اور برطانیہ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بریگزیٹ کے بعد شمالی آئرلینڈ اور جنوبی آئرلینڈ کے درمیان فیزیکلی سرحد کے قیام سے اجتناب کے بارے میں ایک سمجھوتہ ہو گیا ہے اور ساتھ ہی لندن کے لئے یہ موقع بھی فراہم ہو گیا ہے کہ وہ دو ہزار بیس تک یورپ کی کسٹم یونین سے الگ ہو سکتا ہے-
برطانیہ یورپ کی کسٹم یونین سے نکلنا چاہتا ہے تاکہ وہ یورپی یونین سے باہر کے ملکوں کے ساتھ نئے تجارتی تعلقات قائم کر سکے- اس سمجھوتے کے مطابق اگر یورپی یونین بیک اسٹاپ اور کسٹم یونین میں برطانیہ کی موجودگی کو طول دینا چاہے گی تو لندن باضابطہ طور پر یورپی یونین کے خلاف عدالتی کارروائی کر سکتا ہے-
بیک اسٹاپ کا منصوبہ یورپی یونین نے پیش کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ برطانیہ کے زیرانتطام شمالی آئرلینڈ اور جمہوریہ آئرلینڈ کے درمیان سخت سرحدی سسٹم قائم نہ ہو-
برطانیہ اور یورپی یونین دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ دسمبر دو ہزار بیس کے دو سال بعد بیک اسٹاپ سسٹم کو نئے انداز میں نافذ کریں گے- اس سمجھو تے کے بارے میں برطانوی دارالعوام یا پارلیمنٹ آج ووٹنگ کرنے والی ہے۔