Jun ۰۳, ۲۰۱۹ ۱۸:۱۷ Asia/Tehran
  • سوڈان میں سیاسی مخالفین نے سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان کر دیا

سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں فوجی ہیڈکوارٹر کے باہر دھرنے پر بیٹھے لوگوں پر فوجیوں کے حملے میں دسیوں افراد کے ہلاک اور زخمی ہو جانے کے بعد سیاسی مخالفین کے اتحاد فریڈم اینڈ چینچ نے حکمراں عبوری فوجی کونسل کی تحلیل کا مطالبہ کر دیا۔

العالم نے خبر دی ہے کہ سوڈان میں حزب اختلاف کی سیاسی جماعتوں کے اتحاد فریڈم اینڈ چینج فورس ڈی ایف سی ایف نے پیر سے پورے ملک میں سول نافرمانی کی تحریک چلانے اور عام ہڑتال کی کال دے دی ہے-

سوڈان میں مذکورہ سیاسی جماعتوں کے اتحاد ڈی ایف سی ایف نے عبوری فوجی کونسل کو  اقتدار سے بے دخل کئے جانے کی کوششوں کے تحت ملک میں سول نافرمانی کی کال دیتے ہوئے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ سڑکوں پر مورچے سنبھال لیں-

واضح رہے کہ سوڈان کی عبوری فوجی کونسل نے خرطوم میں فوجی ہیڈ کوارٹر کے باہر دھرنے پر بیٹھے مظاہرین پر حملہ کر دیا- اس حملے میں اب تک کی رپورٹ کے مطابق چودہ افراد ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں جبکہ بعض خبروں میں مرنے اور زخمی ہونے والوں کی تعداد اس سے زیادہ بتائی گئی ہے-

گذشتہ گیارہ اپریل کو فوج نے بغاوت کر کے صدر عمر البشیر کا تختہ الٹ کر اور ملک میں عبوری فوجی کونسل کی تشکیل کا اعلان کر کے اقتدار اپنے ہاتھ میں لے لیا تھا-

سوڈان کے عوام نے اگرچہ عمرالبشیر کی برطرفی کا خیر مقدم کیا تھا لیکن انہوں نے اقتدار پرقبضہ کر لینے کے فوج کے اقدام پر شدید احتجاج کیا اور اس کے بعد سے یہ احتجاج بدستور جاری ہے- 

سوڈان کی سیاسی جماعتوں اور عام لوگوں کا فوج سے مطالبہ ہے کہ وہ اقتدار کو فوری طور پر ایک سول حکومت کے حوالے کرے-