جاپان میں گروپ 20 کے وزارتی اجلاس کا آغاز
گروپ بیس کے رکن ملکوں کا دورہ روزہ اقتصادی اور تجارتی اجلاس جاپان میں شروع ہوگیا ہے۔
جاپان کے شہر تسوکوبا میں ہونے والے دورہ اجلاس میں آزادانہ تجارت اور ڈیجیٹل اکنامی جیسے معاملات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ جاپان کے وزیر ٹیلی مواصلات ماسا توشی ایشیدا اور وزیر اقتصاد و تجارت ہیرو شیگے سیکو گروپ بیس کے اقتصادی اور تجارتی اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔
اس اجلاس کے ساتھ ہی جنوب مغربی شہر فوکو اوکا میں گروپ بیس کے رکن ملکوں کے مرکزی بینکوں کا اجلاس بھی شروع ہوگیا ہے جس کا مقصد ٹیکسوں کے نظام میں اصلاحات اور پائیدار اقتصادی ترقی کے جیسے معاملات کا جائزہ لینا ہے۔
جاپان پہلی بار گروپ بیس کے اجلاس کی صدارت کر رہا ہے۔ گروپ بیس میں امریکہ، فرانس، جرمنی، روس، چین، برطانیہ اور ہندوستان سمیت دنیا کے انیس ترقی یافتہ اور ابھرتے ہوئے اقتصادی ممالک اور یورپی یونین شامل ہیں۔