Jul ۲۵, ۲۰۱۹ ۱۸:۳۲ Asia/Tehran
  • شمالی کوریا کے میزائل تجربے پر جنوبی کوریا کا ردعمل

جنوبی کوریا کی وزارت دفاع نے شمالی کوریا کے نئے میزائل تجربے پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔

 جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کی ترجمان چو ہیون سو نے شمالی کوریا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے میزائل تجربات فوری طور پر روک دے۔
 جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی کمیٹی نے بھی اعلان کیا ہے کہ شمالی کوریا نے جمعرات کی صبح مشرقی ساحلی شہر ونسان کے قریب کھلے سمندر میں کم فاصلے تک مار کرنے والے دو میزائلوں کا تجربہ کیا ہے۔
 جنوبی کوریا نے شمالی کوریا سے یہ درخواست ایسے وقت میں کی ہے جب دونوں کوریاؤں کے درمیان امن معاہدے کے برخلاف امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں کے انعقاد کے معاملے پر جزیرہ نمائے کوریا کی کشیدگی میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے۔
 شمالی کوریا نے بارہا کہا ہے کہ اگر امریکہ، جنوبی کوریا اور جاپان نے پیانگ یانگ سے کیے گئے وعدوں پر عمل نہیں کیا تو وہ اپنے میزائل تجربات دوبارہ شروع کر دے گا۔
امریکہ اور شمالی کوریا کے سربراہوں کے درمیان اب تک تین بار ملاقات ہو چکی ہے لیکن امریکہ کے ناجائز مطالبات کی وجہ سے ان ملاقاتوں کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہو سکا ہے۔