فرانس میں یلو جیکٹ تحریک کا چالیسویں ہفتے بھی مظاہرہ
فرانس میں یلو جیکٹ تحریک کے مظاہرے چالیسویں ہفتے بھی جاری رہے اور فرانس کے مختلف شہروں میں بڑی تعداد میں لوگوں نے ان مظاہروں میں شرکت کر کے سرمایہ دارانہ نظام کی مذمت کی۔
پیرس سے ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ یلوجیکٹ تحریک کے کارکنوں نے سنیچر کو مسلسل چالیسویں ہفتے ملک کے مختلف شہروں منجملہ پیرس، بوردو، نانٹ، مارسی، لیل، لیون، مونٹ پلیہ، رن اور ٹولوز میں مظاہرے کئے-
یہ مظاہرے ایک ایسے وقت ہوئے ہیں جب فرانس میں گروپ سات کا سربراہی اجلاس ہونے والا ہے- سات صنعتی ملکوں کے گروپ سیون کا سربراہی اجلاس آئندہ چند روز میں فرانس کے شہر بیریٹز میں ہونے والا ہے-
فرانسیسی وزارت داخلہ نے بیریٹز شہر میں ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے اس شہر میں ہر طرح کے جلسے اور جلوسوں پر پابندی لگا دی ہے-
فرانسیسی وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بیریٹز شہر میں مظاہرہ کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا-
سات صنعتی ملکوں کے سربراہی اجلاس کے پیش نظر فرانس کے دیگر شہروں میں بھی سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں-
فرانس کے صدر میکرون کی پالیسیوں کے خلاف فرانس میں احتجاجی مظاہرے چالیسویں ہفتے بھی جاری رہے جبکہ حکومت نے پچھلے ہفتوں کے دوران ان مظاہروں کو طاقت کے ذریعے بے دردی کے ساتھ کچلنے کی کوشش بھی کی لیکن وہ اپنے مقصد میں ناکام رہی-