Aug ۲۶, ۲۰۱۹ ۱۷:۱۵ Asia/Tehran
  • اکتوبر تک یورپی یونین سے الگ ہوجانے پر لندن کی تاکید

برطانوی وزیراعظم بوریس جانسن نے یورپی کونسل کے چیئرمین سے ملاقات میں کہا ہے کہ لندن اکتوبر کے آخرتک ہرحال میں یورپی یونین سے الگ ہوجائے گا

برطانوی وزیراعظم جانسن نے جی سیون کے سربراہی اجلاس کے موقع پر یورپی کونسل کے چیئرمین ڈونلڈ ٹسک سے ملاقات میں کہا کہ ان کی پہلی ترجیح یہ ہے کہ یورپی یونین کے ساتھ کوئی سمجھوتہ ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ترجیح ہے کہ یورپی سربراہوں کے ساتھ بیٹھ کر اس مسئلے پر ان سے بات چیت کریں - برطانوی وزیراعظم جانسن اور یورپی کونسل کے چیئرمین ٹوسک آئندہ مہینے اقوام متحد کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ایک بار پھر ملاقات کریں گے - بوریس جانسن نے برطانوی وزارت عظمی کے عہدے کی دوڑ کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ وہ ایک ایسی حکومت تشکیل دیں گے جو برطانیہ کو کسی سمجھوتے یاکسی سمجھوتے کے بغیر یورپی یونین سے الگ کرلے گی - برطانوی عوام نے دوہزار سولہ میں ایک ریفرنڈم میں شرکت کرکے یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کے حق میں ووٹ دیا تھا اور اس کے مطابق برطانیہ کو رواں برس کے مارچ کے مہینے تک الگ ہوجاناتھا لیکن بریگزیٹ کے بعد سیاسی اور اقتصادی تعلقات کی نوعیت کے تعلق سے لندن اوریورپی یونین کے درمیان کوئی سمجھوتہ نہ ہوپانے کی وجہ سے یورپی یونین سے لندن کی باضابطہ علیحدگی کا عمل موخر ہوگیا - برطانیہ اگر کسی سمجھوتے کے بغیر یورپی یونین سے الگ ہوتا ہے تو اس کو زبردست سیاسی اور اقتصادی نقصان پہنچے گا -