Oct ۲۵, ۲۰۱۹ ۱۳:۵۰ Asia/Tehran
  • باکو میں ناوابستہ تحریک کا سربراہی اجلاس شروع

جمہوریہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ناوابستہ تحریک کا سربراہی اجلاس شروع ہوگیا ہے ۔

باکو سے ہمارے نمائندے نے رپورٹ دی ہے کہ ناوابستہ تحریک کا دو روزہ سربراہی اجلاس جمعے کی صبح اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی سمیت دنیا کے ساٹھ ملکوں کے سربراہان مملکت کی شرکت سے شروع ہوا ۔اس اجلاس میں مجموعی طور پر رکن ملکوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے تقریبا ایک سو ساٹھ نمائندے شریک ہیں ۔اہم ترین سیاسی مسائل، علاقائی تنازعات اور مسئلہ فلسطین سمیت بین الاقوامی اختلافات کا جائزہ اس اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے ۔ناوابستہ تحریک کے باکو سربراہی اجلاس میں فلسطین کے بارے میں تحریک کے سربراہوں کے مشترکہ بیان کی منظوری بھی متوقع ہے ۔ناوابستہ تحریک کا سربراہی اجلاس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے بعد، سب سے بڑا عالمی اجلاس شمار ہوتا ہے جس میں رکن ملکوں کے سربراہوں کے علاوہ مختلف بین الاقومی تنظیموں کے نمائندے بھی شرکت کرتے ہیں ۔دنیا کے موجودہ حالات کے تناظر میں، ناوابستہ تحریک کے باکو سربراہی اجلاس کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ناوابستہ تحریک کے باکو سربراہی اجلاس کی افتتاحی تقریب میں تحریک کی صدارت، آئندہ تین سال کے لئے ، وینیزویلا سے آذربائیجان کو منتقل کی گئی ۔ اجلاس میں ونیزیزویلا کے صدر نیکولس مادورو نے تحریک کے سترہویں صدر کی حیثیت سے ، دو ہزار سولہ سے دو ہزار انیس کے درمیان ، تحریک کی سرگرمیوں اور کارکردگی کی رپورٹ پیش کی ۔نیکولس مادو رو کی جانب سے رپورٹ پیش کئے جانے کے بعد آذربائیجان کے صدر الہام علی اف نے تحریک کے اٹھارویں صدر کی حیثیت سے اجلاس سے خطاب کیا۔اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی بھی ایک اعلی سطحی وفد کے ہمرا اجلاس میں شریک ہیں ۔صدر ایران جمعرات کو اجلاس سے خطاب میں اہم ترین علاقائی اور بین الاقوامی مسائل میں ایران کا موقف اور نظریات بیان کریں گے۔ناوابستہ تحریک کا باکو سربراہی اجلاس سنیچر کو ایک مشترکہ بیان جاری کرکے اپنے اختتام کو پہنچے گا۔