یوکرین گیٹ اسکینڈل، ٹرمپ کے وکیل کے خلاف تحقیقات کا حکم
نیویارک کی ایک عدالت نے یوکرین گیٹ اسکینڈل میں سمن جاری کرتے ہوئے، صدر ٹرمپ کے پرائیویٹ وکیل کی اندرونی اور بیرونی آمدنی کی مکمل تفصیلات طلب کرلی ہیں۔
نیویارک کی فیڈریل کورٹ کے جاری کردہ سمن میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کے پرائیوٹ وکیل روڈی جولیانی کو ملکی اور غیر ملکی ذرائع سے ملنے والے تمام رقومات کا مکمل ریکارڈ عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔ عدالت کے مطابق وہ اس معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گی جس میں منی لانڈرنگ، فراڈ، انتخابات سے متعلق مالیاتی قوانین کی خلاف ورزی، دروغگوئی، تحقیقات میں روکاوٹیں ڈالنے اور دوسرے جرائم شامل ہیں۔قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے یوکرینی ہم منصب ولودی میر زیلنسکی کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کی ایف کے لیے فوجی امداد کو آئندہ صدارتی انتخابات میں اپنےممکنہ حریف جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے خلاف مالیاتی بدعنوانیوں کی تحقیقات سے مشروط کرنے کا اشارہ دیا تھا۔