Dec ۱۸, ۲۰۱۹ ۱۹:۵۶ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کے مواخذے کی حمایت میں ملک گیرمظاہرے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے حامی ہزاروں افراد نے امریکہ کے کئی شہروں میں مظاہرے کرکے ان کی برطرفی کا مطالبہ کیا ہے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق صدردونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے لیے یہ مظاہرے مواخذہ اور برطرفی نامی ویب سائٹ کی اپیل پر کئے گئے جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

برفباری اور برفانی ہواؤں کے درمیان ہونے والے ان مظاہروں میں شریک لوگ ٹرمپ کو باہر نکالو اور ٹرمپ کو برطرف کرو جیسے نعرے لگا رہے تھے۔

قانون سے کوئی بالاترنہیں اور جھوٹا ہے، ان مظاہروں کا بنیادی سلوگن تھا۔

امریکی انٹیلی جینس کے اہلکارنے کچھ عرصہ قبل انکشاف کیا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پچیس جولائی کو یوکرین کے صدر ولودی میر زیلنسکی کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے، دو ہزار بیس کے صدارتی انتخابات میں اپنے ممکنہ ڈیموکریٹ حریف جوبائیڈن کے بیٹے ہنٹربائیڈ سے متعلق کیس کی تحقیقات میں دباؤ ڈالنے پر زوردیا تھا۔

ٹیلی فون پر ہونے والی اس گفتگو کے متن کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین کے چارسو ملین ڈالر کی امریکی فوجی امداد کو بائیڈن کیس میں صدر زیلینسکی کے تعاون سے مشروط کیا تھا۔

یوکرینی صدرکے ساتھ ٹیلی فون پرہونے والی گفتگو کا راز فاش ہونے کے بعد صدر ٹرمپ کے مواخذے کا مطالبہ شدت اختیارکرگیا ہے۔

دوسری جانب سینٹ میں اکثریتی دھڑے کے رہنما مک کینل کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے مواخذے کے لیے جمع کیے جانے والے شواہد اور دستاویزات ناکافی ہیں۔ انہوں نے ناکافی شواہد کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ امریکی تاریخ میں پہلی بار صدر کے مواخذے کے تحریک ناکام ہوگئی ہے۔

سینیٹ میں اکثریتی دھڑے کے سربراہ نے مک کینل نے مزید کہا کہ ٹرمپ کے مواخذے کا بے چینی سے انتظارکرنے والے خود مشکل میں پھنس گئے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کے برخلاف سینیٹ میں صدر ٹرمپ کی پارٹی کو یعنی ریپبلکن کو بھاری اکثریت حاصل ہے۔

ٹیگس