نریندر مودی: ندوستان کے اندر بنی ہوئی چیزیں خریدنا اور استعمال کرنا، ہر ہندوستانی کا مزاج ہونا چاہئے
ہندوستان کے وزیر اعظم نے ٹی وی کے ذریعے قوم سے اہم خطاب میں عوام سے ہندوستان کی بنی ہوئی چیزیں خریدنے اور استعمال کرنے کی تاکید کی ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ان کے خطاب کا بڑا حصہ ملک کو ہرلحاظ سے خودکفیل بنانے، ہر چیز ملک کے اندر تیار کرنے اور سودیشی یعنی ملکی چیزیں خریدنے، استعمال کرنے کی تاکید پر مشتمل تھا۔
انھوں نے کہا کہ ہندوستان کے اندر بنی ہوئی چیزیں خریدنا اور استعمال کرنا، ہر ہندوستانی کا مزاج ہونا چاہئے ۔
مسٹر مودی نے کہا کہ عوام کو ہر خریداری میں ملکی مصنوعات کوترجیح دینا اصول بنالینا چاہئے۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں ملک کی سبھی ریاستی حکومتوں سے اپیل کی کہ ہندوستان کی خودکفالت اور اقتصادی ترقی میں تیزی لاںے کے لئے مقامی پیداوار اور سرمایہ کاری کو فروغ دیں۔
انھوں نے کہا کہ جو چیز بھی ہم ملک کے اندر بناسکتے ہیں، اس کو ملک کے اندر بنانا چاہئے۔
مسٹر مودی نے اسی کے ساتھ اعلان کیا کہ کل بائیس ستمبر کا سورج طلوع ہوتے ہی جی ایس ٹی اصلاحات نافذ ہوجائیں گی جس سے چھوٹے اور درمیانی طبقے،کسانوں، نوجوانوں، خواتین، دکانداروں، تاجروں اور کاروباری حضرات سمیت ملک کے سبھی لوگوں کو فائدہ ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ نئی اصلاحات کے تحت روزمرہ کی ضرورت کی اشیا پر پانچ فیصد اور دیگر اشیا پر اٹھارہ فیصد جی ایس ٹی لگے گی۔