Apr ۰۳, ۲۰۲۰ ۱۱:۱۹ Asia/Tehran
  • کورونا وائرس سب کو نگلنے لگا

عالمی وبا کورونا وائرس سے دنیا بھر میں 10 لاکھ سے زائد افراد بیمار ہوچکے ہیں جبکہ مرنے والوں کی تعداد51 ہزار سے زیادہ ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 10 لاکھ سے بھی بڑھ گئی ہے۔ دوسری جانب اس خطرناک بیماری سے دنیا بھر میں 2 لاکھ 8 ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ہوئیں جبکہ سب سے زیادہ مریض امریکا میں ہیں۔

یورپی ملک اسپین میں کورونا کے سبب بدترین صورتحال ہے، جہاں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 950 نئی اموات کے بعد، ہلاک ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار سے بڑھ گئی ہے، متاثرہ افراد کی تعداد بھی بڑھ کر ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

فرانس کے محکمہ صحت کے مطابق ملک میں کورونا سے اموات اب 5 ہزار 400 ہوگئی ہے۔ فرانس میں 10لاکھ افراد کئیر ہومز میں رہتے ہیں اور کئیر سیکٹر نے تمام عملے کی ٹیسٹنگ کامطالبہ کیا ہے۔

برطانیہ میں مزید 570 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوگئے، صرف لندن میں100 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 3 ہزار کے قریب پہنچ گئی اور 34 ہزار افراد بیمار ہو چکے ہیں۔

اسرائیل میں اب تک کورونا وائرس سے31 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 6200 کیس رپورٹ ہوئے ہیں ۔ اسرائیل کے وزیرِ صحت یاکوو لٹزمین بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔

بیلجیئم میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرگئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر کے آخر میں چین کے ہوبئی صوبے سے کورونا وائرس کے معاملے شروع ہوئے تھے اور اب  تک کورونا وائرس دنیا کے 200 سے زائد ملکوں میں پھیل گیا ہے جس سے اب تک ہزاروں  افراد متاثراور 2 لاکھ 3 ہزار افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

ٹیگس