Apr ۲۲, ۲۰۲۰ ۰۹:۵۹ Asia/Tehran
  • طبی وسائل کی کمی پر امریکی نرسنگ اسٹاف کا مظاہرہ

امریکی نرسوں نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے طبی وسائل و آلات کی کمی اور ڈونلڈ ٹرمپ کے بے سوچے سمجھے اور ناقص اقدامات کے خلاف ایک بار پھر مظاہرہ کیا۔

امریکی نرسوں کی ملک گیر تنظیم نیشنل نرس یونائیٹڈ کی اپپل پر وائٹ ہاؤس کے سامنے ہونے والے اس مظاہرے میں کورونا وائرس کی وجہ سے مرنے میڈیکل اسٹاف کی نام پڑھ کر سنائے گئے۔

نرسوں کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھی طبی آلات و وسائل کی قلت کے باعث کے باعث لقمہ اجل بن گئے۔

وبائی امراض پر کنٹرول کے امریکی ادارے سی ڈی سی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اب تک نو ہزار سے زائد نرسیں اور میڈیکل اسٹاف کے دیگر ارکان کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔

امریکہ کی نیشنل نرس یونائیٹڈ نے سیفٹی کٹس کی کمی کو اتنی بڑی تعداد میں نرسوں اور میڈیکل اسٹاف کے کورونا میں مبتلا ہونے کی اہم وجہ قرار دیا ہے۔

امریکی نرسوں کی ملک گیر تنظیم نیشنل نرس یونائیٹڈ کے جاری کردہ بیان میں ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر سیفٹی کٹس کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنائے جانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں نرسوں اور میڈیکل اسٹاف کے ضروری حفاظتی کٹس کی شدید قلت پائی جاتی ہے جسے فوری طور پر دور کیا جانا چاہیے۔

حال ہی میں امریکی حکومت نے کورونا کے تیز پھیلاؤ کو نظر انداز کرتے ہوئے اقتصادی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو امریکی نرسوں کے اعتراض کا دوسرا موضوع تھا۔

قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے بھی امریکی نرسنگ اسٹاف حکومتی اقدامات کے خلاف بارہا احتجاج کر چکا ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت امریکہ کورونا متاثرین اور اسکے سبب مرنے والوں کی تعداد کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے اور اب تک اس ملک میں آٹھ لاکھ سے زائد امریکی کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ چوالیس ہزار چھے سو کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔

ٹیگس