Apr ۲۴, ۲۰۲۰ ۱۱:۰۰ Asia/Tehran
  • ایران نے نہیں بلکہ امریکہ نے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائیں: روس

روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ ایران نے "نور" سیٹلائٹ کو لانچ کر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر2231 کی خلاف ورزی نہیں کی۔

آئی آر آئی بی کی رپورٹ کے مطابق روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے جمعرات کے روز کہا کہ امریکہ، ایران پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی خلاف ورزی کا الزام ایسے میں لگا رہا ہے کہ اس نے کئی بار سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر2231 کو پاوں تلے روندا ہے۔

روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 اور جوہری معاہدے نے ایران کی خلائی سرگرمیوں اور خلا میں پُرامن موجودگی پر پابندی نہیں عائد کی ہے۔

ماریا زاخارووا نےاس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ایران نے نور سٹیلائٹ کو لانچ کر کے جوہری پروگرام سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد کی خلاف ورزی نہیں کی، کہا کہ امریکہ کے اس قسم کے دعوے کہ ایران کے میزائل ایٹمی وار ہیڈز حمل کر سکتے ہیں، بے بنیاد ہیں۔

 یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے بدھ  کے روز اپنا پہلا دفاعی سٹیلائٹ کو لانچ کرنے کا کامیاب تجربہ کیا۔

ایرانی نور نامی فوجی سیٹلائٹ زمین کی سطح سے چار سو پچیس کیلومیٹر اوپر مدار میں پہنچ چکا ہے۔

ٹیگس