امریکہ بدستور کورونا سے ہلاکتوں میں سر فہرست
امریکہ میں کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں تقریبا 2000 ہلاکتیں ہوئیں جبکہ اس دوران 36100 سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں ۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے 1995 ہلاکتیں ہوئی ہیں ۔ جمعے کو امریکہ میں 3332 ہلاکتیں ہوئی تھیں جبکہ جمعرات کو 2139 ہلاکتیں ہوئی تھیں ۔ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے مجموعی 53300 سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں وہیں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 933000 ہو گئی ہے ۔ امریکہ اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہو نے والا ملک ہے جہاں اس وبا سے اب تک سب سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں ۔
امریکی حکومت نے دیگر ممالک کی بہ نسبت بہت دیر سے کورونا ٹسٹنگ کا آغاز کیا ہے اور اس وقت کورونا بیماروں میں اچانک اضافے کے بعد امریکہ کے طبی مراکز کورونا ٹسٹ کٹس کی قلت سے روبرو ہیں۔
امریکا میں کورونا کے بے قابو ہونے کے بعد سبھی ریاستوں میں، ہنگامی حالت کے اعلان کے بعد انتہائی المناک صورتحال کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
اس وقت امریکہ کی تمام پچاس ریاستوں میں کورونا وائرس سرایت کر چکا ہے اور اس وبا کے متاثرین اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد کے لحاظ سے امریکہ دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔
اس کے علاوہ کورونا سے اموات میں وحشتناک اضافے نے مرنے والوں کی تدفین کے حوالے سے بھی بحرانی صورتحال پیدا کر دی ہے اور مقامی انتظامیہ اور حکام جنازوں کو اجتماعی قبروں میں دفن کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ 8 مارچ کو امریکی ہسپتالوں کی یونین نے اپنی ایک رپورٹ میں امریکہ میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 96 ملین جبکہ کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 4 لاکھ 80 ہزار ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ یہ ایسے میں ہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس کے تیز پھیلاؤ اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے حالات کے پیش نظر اقتصادی ماہرین نے یہ خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آئندہ مئی کے اختتام تک امریکہ میں کم از کم دو کروڑ لوگوں کو اپنے روزگار سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے اور اس طرح امریکہ میں بے روزگاری کی شرح 15 فیصد تک پہنچ جائے گی۔