پاک و ہند میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال
دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح پاکستان اور ہندوستان میں بھی کورونا وائرس سے کیسز اور اموات میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
ہندوستانی میڈیا نے مرکزی وزارت صحت کی جانب سے آج بروز اتوار جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد مسلسل بڑھتی جارہی اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وائرس کے 2644 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور 83 مریضوں کی موت کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 1301 ہو گئی ہے۔
ملک کی الگ الگ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا وائرس کے اب تک کل 39980 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 111 غیر ملکی مریض بھی شامل ہیں جبکہ کورونا وائرس سے اب تک10633 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق اس ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 19 ہزار 103 ہو چکی ہے جبکہ اس موذی وباء سے ہلاک شدہ افراد کی کُل تعداد 440 ہو گئی۔
کورونا وائرس کے پاکستان میں 13 ہزار 846 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِعلاج ہیں، جن میں سے 111 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ4 ہزار 817 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا سے سب سے زیادہ یعنی 172ہلاکتیں ہوئیں۔ جس کے بعد سندھ میں کورونا وائرس سے122 افراد، پنجاب میں کورونا سے120 افراد، بلوچستان میں 19 افراد اور گلگت بلتستان میں 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 365 کورونا وائرس کے متاثرہ مریض ہیں جبکہ 4 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔