پاک و ہند میں کورونا کا قہرجاری، 4452 افراد ہلاک
پاکستان اور ہندوستان میں کورونا وائرس سے اب تک 4452 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ہندوستان سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے آج بروز جمعرات جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے ایک دن میں ریکارڈ 5609 کیس سامنے آنے کے ساتھ کل متاثرین کی تعداد 112359 تک پہنچ گئی ۔
ملک میں اس انفیکشن سے گزشتہ 24 گھنٹے میں 132 لوگوں کی موت ہونے سے ہلاکتوں کی تعداد 3435 ہو گئی۔ انفیکشن کے بڑھتے معاملات کے درمیان اس بیماری سے ٹھیک ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور اب تک صحت مند ہوئے لوگوں کی کل تعداد 45300 ہو گئی ہے۔
ملک میں کورونا سے سب سے زیادہ مہاراشٹر متاثر ہوا ہے اور انفیکشن کے کل معاملوں میں ایک تہائی سے زیادہ حصہ یہیں کا ہے۔ مہاراشٹر میں متاثرین کی کل تعداد 39297 ہو گئی ہے اور کل 1390 لوگوں کی موت ہو چکی ہے ۔
ادھر پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے ساتھ ہی پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 48 ہزار سے زائد جبکہ اموات ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 193 مریض سامنے آ گئے جبکہ مزید 32 مریض اس وائرس کے ہاتھوں جان سے چلے گئے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 48 ہزار 91 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 1 ہزار 17 ہو گئی۔
کورونا وائرس کے ملک میں 32 ہزار 919 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِعلاج ہیں، جبکہ 14 ہزار 155 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا سے سب سے زیادہ یعنی 351 ہلاکتیں ہوئیں۔ اسکے بعد سندھ میں کورونا وائرس نے سب سے زیادہ یعنی 316 جانیں لی ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب میں 297 افراد، بلوچستان میں 38 افراد اور گلگت بلتستان میں 4 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 1 ہزار 235 کورونا وائرس کے متاثرہ مریض ہیں جبکہ 10 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔