پاک و ہند میں کورونا تیزی سے شکار کر رہا ہے
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i366601-پاک_و_ہند_میں_کورونا_تیزی_سے_شکار_کر_رہا_ہے
دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان اور ہندوستان میں بھی کورونا تیزی سے شکار کر رہا ہے اور ہلاکتوں کی تعداد دن بدن بڑھتی جا رہی ہے۔
(last modified 2025-07-01T12:42:33+00:00 )
May ۲۵, ۲۰۲۰ ۰۶:۲۸ Asia/Tehran
  • پاک و ہند میں کورونا تیزی سے شکار کر رہا ہے

دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان اور ہندوستان میں بھی کورونا تیزی سے شکار کر رہا ہے اور ہلاکتوں کی تعداد دن بدن بڑھتی جا رہی ہے۔

ہندوستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے آج پیر کی صبح جاری تازہ ترین اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے اب تک کے سب سے زیادہ 6977 نئے کیسز سامنے آئے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 138845 تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 154 افراد کی موت ہونے سے ہلاکتوں کی تعداد 4021 ہو گئی ہے تاہم اس وبا سے 3280 افراد شفایاب ہوئے ہیں جس سے صحت یاب ہونے والے لوگوں کی مجموعی تعداد 57721 ہو گئی ہے۔

ہندوستان میں کورونا وائرس نے مہاراشٹر میں سب سے زیادہ تباہی مچائی ہے جہاں متاثرین کی تعداد بڑھ کر50231 ہو گئی ہے اور کل 1635 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔

ادھر پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کیسز کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے سبب ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 55 ہزار 768 ہو چکی ہے جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 1 ہزار 159 ہو گئی۔

کورونا وائرس کے ملک میں 37 ہزار 170 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِعلاج ہیں جن میں سے 434 مریضوں کی حالت تشوش ناک ہے جبکہ 17 ہزار439 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 398 ہو گئی۔ سندھ میں اب تک کورونا وائرس سے 367 مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ پنجاب میں کورونا سے ہلاکتیں 332 ہو گئی ہیں۔ جبکہ کورونا وائرس سے بلوچستان میں 40 افراد انتقال کر چکے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 1 ہزار 592 کورونا وائرس کے متاثرہ مریض ہیں جبکہ 14 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں 619 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے7افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔