امریکا، کورونا کی وجہ سے 42 لاکھ افراد بے روزگار ہوگئے
امریکا میں کورونا وائرس کے پھیلاو اور اس سے ہونے والی شدید تباہی کی وجہ سے 42 لاکھ لوگ بے روزگار ہوگئے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکومت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ ہفتوں کے دوران تقریبا 30 لاکھ افراد نے بے روزگاری بھتہ لینے کے لئے حکومتی اداروں میں رجسٹریشن کرایا ہے۔
امریکا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور دکانوں کے بند ہونے کی وجہ سے ملک کو شدید اقتصادی بحران کا سامنا ہے اور ملک میں بے روزگاری سطح میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کی کل رات کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر17 لاکھ 68 ہزار461 ہو گئی ہے جن میں سے ایک لاکھ 3 ہزار330 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
کورونا کے پھیلاؤ کے بعد امریکہ کی تاریخ میں پہلی بار ملک کی تمام پچاس ریاستوں میں پہلے ہنگامی حالت کے نفاذ اور پھر نیشنل ڈیزاسٹر یا قومی المیے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔
کورونا وائرس کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ رویئے کی وجہ سے امریکی حکومت خاص طور سے صدر ٹرمپ کو اندرون ملک سخت تنقیدوں کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔