پاک و ہند میں کورونا سے 6366 ہلاکتیں
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i366874-پاک_و_ہند_میں_کورونا_سے_6366_ہلاکتیں
پاک و ہند میں کورونا سے ہلاکتوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور اب تک اس وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 6366 ہو گئی ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
May ۳۰, ۲۰۲۰ ۰۶:۲۷ Asia/Tehran
  • پاک و ہند میں کورونا سے 6366 ہلاکتیں

پاک و ہند میں کورونا سے ہلاکتوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور اب تک اس وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 6366 ہو گئی ہے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 7964 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور 265 افراد کی جانیں گئی ہیں جبکہ اس وبا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے اور 11 ہزار264 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔ مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے آج ہفتہ کو جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس وبا سے اب تک 1 لاکھ 73 ہزار763 افراد متاثر جبکہ 4971 افراد کی موت ہوئی ہے اور 82 ہزار 370 افراد اس وبا سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ بہرحال اب یہاں کورونا وائرس کے 86 ہزار422 فعال کیسز ہیں۔

ادھرپاکستانی میڈیا کے مطابق لاک ڈاؤن میں نرمی کے ساتھ ہی پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 66 ہزار457 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 1 ہزار 395 ہو گئی۔

کورونا وائرس کے پاکستان میں 40 ہزار 931 مریض اب بھی اسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں زیرِعلاج ہیں، جبکہ 24 ہزار 131 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا سے اموات تمام صوبوں سے زیادہ 445 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا سے ہلاکتیں 439 ہو گئی ہیں۔

سندھ میں 427 مریض کورونا کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

بلوچستان میں 46 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 2 ہزار 192 کورونا وائرس کے متاثرہ مریض ہیں جبکہ 23 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں 660 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 9 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔