امریکا میں نسل پرستی عروج پر، قومی پرچم نذر آتش
امریکا کی مختلف ریاستوں میں سیاہ فام شہری کے پولیس کے ہاتھوں بہیمانہ قتل کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور مظاہرین نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے امریکا کے قومی پرچم کو نذر آتش کر دیا۔
مینیاپولس میں ہونے والے ایک بڑے مظاہرے میں شریک لوگ" میرا دم گھٹ رہا رہے" اور " سیاہ فاموں کی جان بھی قیمتی ہے" جیسے نعرے لگارہے تھے۔
شہری حقوق کے حامی اور نسل پرستی کے مخالفین کی بڑی تعداد نے نیویارک میں بھی ایسا ہی ایک مظاہرہ کیا ہے جس میں سول سوسائٹی کے مختلف رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے نسل پرستی کے حوالے سے ملک کی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیا ہے۔
ریاست لوئیزیانا کے شہر نیو اورلیانز، وسکانسن کے شہر ملواکی اور کلوراڈو کے شہر ڈینور سے بھی امریکی پولیس کی بربریت کے خلاف بڑے بڑے مظاہروں کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
ڈیٹرائٹ سٹی میں ہونے والے ایک بڑے مظاہرے میں بھی ہزاروں امریکی شہری شامل ہوئے۔