امریکہ میں تقریبا تین کروڑ لوگوں کو تین وقت کا کھانا میسر نہیں
امریکہ کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس ملک کے تقریبا تین کروڑ لوگوں کو تین وقت کا کھانا میسر نہیں ہے۔
امریکہ کے ادارہ شماریات (سینسیس بیورو) نے بتایا ہے کہ کورونا کی وبا کے دوران اس ملک کے تقریبا تین کروڑ لوگوں کے پاس کھانے پینے کی ضروری اشیاء نہیں ہیں۔ امریکہ کے اس ادارے کی جانب سے جاری ہونے والے تازہ اعداد و شمار کے مطابق دو سو انچاس میلین یا تقریبا ڈھائي کروڑ لوگوں پر کیے گئے ایک سروے کے نتائج بتاتے ہیں کہ اکیس جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران تقریبا تیس میلین لوگوں کے پاس اپنا پیٹ بھرنے کے لیے ضروری غذائي اشیاء نہیں تھیں۔
اسپوتنیک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے سینسیس بیورو کی جانب سے کرائے جانے والے اس سروے میں حصہ لینے والے بارہ اعشاریہ ایک فیصد لوگوں نے بتایا ہے کہ انھیں کھانے کی کمی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس ادارے نے اسی طرح بتایا ہے کہ سروے میں حصہ لینے والے ڈھائي کروڑ امریکی باشندوں میں سے پچیس اعشاریہ چھے فیصد کو رہائش اور کرائے کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا جبکہ چالیس اعشاریہ ایک فیصد لوگوں کو کورونا کی وبا کے پھیلاؤ کے درمیان میڈیکل سہولتوں تک دسترسی نہیں رہی۔
اسپوتنیک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کے سبب امریکہ میں دسیوں لاکھ لوگ بے روزگار ہو گئے ہیں اور ان میں سے زیادہ تر کو بہت دشوار حالات کا سامنا ہے۔