امریکی سڑکوں پر ٹرمپ اور جوبائیڈن کے حامیوں کی زور آزمائی
امریکہ کے صدارتی امیدوار اور ڈیموکریٹ پارٹی کے رکن جو بائیڈن کے حامیوں نے ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس خالی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
امریکہ میں صدارتی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی نیویارک، مشی گن، کیلی فورنیا اور پنسلوینیا کے کئی شہروں میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے مظاہرے شروع کر دیئے اور امریکی پرچم کو نظر آتش کر دیا۔ جبکہ وائٹ ہاؤس کے باہر ٹرمپ اور جو بائیڈن کے حامی آمنے سامنے آ گئے۔ بائیڈن کے حامیوں نے ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس خالی کرنے کا مطالبہ کیا۔
نیو یارک، میامی اور مشی گن میں بھی ٹرمپ اور بائیڈن کے حامیوں نے مظاہرے کیے۔ پنسلوینیا کے کئی شہروں میں بھی ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور امریکی جمہوریت کے حق میں نعرے بازی کی۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔
دوسری جانب ٹرمپ کے انتخابی مہم کے منیجر نے وسکونسن، پنسلوینا اور جارجیا میں دھاندلی کےالزامات لگاتے ہوئے ووٹوں کی گنتی روکنے کی درخواست دائر کی ہے۔
واضح رہے کہ امریکا میں 59 ویں صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کے مجموعی الیکٹورل ووٹ 264 ہوگئے، جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 214 ہے۔ جو بائیڈن کو جیتنے کے لیے مزید 6 ووٹوں کی ضرورت ہے ،جبکہ اب بھی 5 ریاستوں کے نتائج واضح ہونا باقی ہیں ان ریاستوں کے 60 الیکٹورل ووٹ ہیں۔