Jan ۳۰, ۲۰۲۱ ۰۷:۵۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں صیہونی سفارت خانے کے قریب دھماکہ پر اسرائیل کا رد عمل

ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں صیہونی سفارت خانے کے قریب ہونے والے دھماکے کی صیہونی حکام نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

جروزلم پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق اس دھماکے کا مقصد احساسات و جذبات کو بھڑکانا ہے۔ اس بیان میں آیا ہے کہ ہندوستانی  حکام واقعہ کا جائزہ لے رہے ہیں اور اسرائیلی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

واضح رہے کہ کل نئی دہلی يمیں ڈاکٹر عبد الکلام روڈ پر صیہونی سفارت خانے کے قریب دھماکہ ہوا تھا

ابتدائی رپورٹس کے مطابق دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم قریب کھڑی چند گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

دھماکے کے بعد علاقے کو سیل کردیا گیا اور پولیس اور بم ڈسپوزل ماہرین جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ملوث ملزمان کے حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔

دھماکے کی اطلاع کے بعد تحقیقاتی ایجنسیاں سرگرم ہو گئی ہیں۔ دہلی میں اس دھماکے کے مد نظر سی آئی ایس ایف نے ایرپورٹ سمیت سرکاری عمارتوں کی سیکورٹی بڑھا دی ہے۔

ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے نئی دہلی میں اسرائیلی سفارتخانے کے باہر ہوئے دھماکے کے بارے میں اپنے اسرائیلی ہم منصب سے گفتگو کی۔

انہوں نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس واقعے کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں، معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے اور ذمہ داروں کا پتہ لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

ہندوستان میں پـچھلے آٹھ برس کے دوران اسرائیلی سفارت خانے کے قریب یہ دوسرا دھماکہ ہے۔ اس سے پہلے فروری دوہزار بارہ میں بھی اسرائیلی سفارت خانے کے قریب ایسا ہی ایک دھماکہ ہوا تھا۔

ٹیگس