Feb ۱۶, ۲۰۲۱ ۰۷:۲۳ Asia/Tehran
  • علیحدگی پسندوں کی جیت سے میڈرڈ کی مرکزی حکومت تشویش میں

اسپین، نیم خودمختار ریاست کاتالونیا میں علاقائی پارلیمانی انتخابات میں علیحدگی پسندوں نے میدان مارلیا۔

کاتالونیا میں اتوار کے روز منعقد کیے گئے انتخابات میں علیحدگی پسند جماعتوں نے مجموعی طور پر 51 فیصد ووٹ حاصل کرکے برتری حاصل کرلی۔ دسمبر 2017ء کے انتخابات میں انہیں ساڑھے 47 فیصد ووٹ ملے تھے۔ اس بار انہیں 135 کے ایوان میں 77نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔

 مبصرین کے بقول اس طرح علیحدگی پسندوں نے پہلے سے بڑھ کر نشستیں حاصل کرکے میڈرڈ کی مرکزی حکومت کو پریشانی میں ڈال دیا ہے جس سے مرکزی حکومت کے خلاف محاذ آرائی میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

کاتالونیا میں ایک عرصے سے وسائل کی تقسیم کے مسائل ہیں اور یہ ریاست اسپین سے علیحدگی چاہتی ہے۔ اس معاملے میں یورپی یونین اسپین کی مرکزی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔

 حالیہ انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی شرح 50 فیصد سے بھی کم رہی، جس کی وجہ کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر بتائی جاتی ہیں۔ سماجی فاصلے نے ووٹروں کو بیلٹ باکس کے قریب آنے سے باز رکھا، جس کی وجہ سے بہت سی سیاسی جماعتوں کو اپنی اکثریت سے ہاتھ دھونا پڑا اور اس کم ٹرن آؤٹ کا فائدہ کاتالونیا کی ان جماعتوں کو ہوا جو علیحدگی پسند ہیں۔

سیاسی جماعت سیوتادانس نے گزشتہ انتخابات میں 36 نشستیں حاصل کی تھیں جو اس بار صرف 6 نشستیں ہی نکال سکی۔

 

ٹیگس