نائجیریا، ڈاکوؤں نے فوجی طیارہ مار گرایا
نائیجیریا، شرپسندوں نے ملک شمالی علاقے فوجی مشن کے دوران جنگی طیارے کو نشانہ بنا کر فضا میں ہی تباہ کردیا۔
نائیجیریا کے شمالی علاقے میں اغواکاروں کے خلاف کارروائی میں مشغول جنگی طیارے کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا جبکہ پائلٹ نے بمشکل اپنی جان بچائی۔
یہ واقعہ صوبہ زمفرا اور کاڈونا کی سرحد پر پیش آیا ہے، فضائیہ کے کسی جنگی جہاز کو تباہ کرنے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔
ایئرفورس کے مطابق ایک ایلفا جیٹ طیارہ اغوا کاروں اور ڈاکوؤں کے خلاف کامیاب فضائی کارروائی کرکے لوٹ رہا تھا کہ اس پر شدید فائرنگ کی گئی۔
بتایا جاتا ہے کہ پائلٹ نے خطرے کو بھانپتے ہوئے خود کو طیارے سے باہر اچھالا اور زمین پر اترنے کے بعد ایک گھر میں پناہ لی ہے۔
اس کا ذمے دار علاقے میں موجود مسلح جرائم پیشہ گروہوں کو ٹھہرایا گیا ہے جسے مقامی لوگ ’ڈاکو‘ کے نام سے پکارتے ہیں۔ یہ گروہ بڑی تعداد میں لوگوں کو اغوا کرتا ہے۔ گزشتہ برس دسمبر سے اب تک اس علاقے سے ایک ہزار سے زائد افراد اغوا ہوچکے ہیں جن میں اکثریت بچوں کی ہے۔ ان میں سے کئی بچوں کو بازیاب جبکہ باقی کو تاوان دے کر چھڑا لیا گیا ہے۔
حکومت نے ان ڈاکوؤں کی سرکوبی کے لیے فضائیہ کو خصوصی احکامات دیئے ہیں جس کے بعد ان کے ٹھکانوں پر بمباری جاری ہے۔